Wednesday, January 4, 2012

.::VULMSIT::.eNoxel Funny Politics of Pakistan

دفع کریں لوڈ شیڈنگ کو، بھاڑ میں جائے گیس کی قلت، بھول جائیں مہنگائی کو، دھیان ہٹا لیں ریلوے، پی آئی اے اور سٹیل ملز سے، نا سنیں کرپشن کی بک بک، تھوک دیں میمو گیٹ پر، مٹی ڈالیں بلوچستان میں غائب شدگان کی مسخ لاشوں پر، تین حرف بھیجیں پاک امریکہ تعلقات پر۔ زمانہ بدل چکا، سال بدل چکا، موسم بدل چکا۔ کب تک پرانے سٹاک کو استعمال کریں گے۔ بازار میں نئے لالی پاپ، تعویذ، شربت، کییپسول اور معجون آچکے ہیں۔ الیکشن تک ان کے مزے لیں۔ کل کا کیا بھروسہ۔
 
نئے صوبوں کی نئی چوپنی
ڈیڑھ دو برس پہلے تک نئے صوبے بنانے کی بات ملک توڑنے کے برابر سمجھی جاتی تھی۔آج کلیئرنس ملنے کے بعد ہر کوئی یہ پروڈکٹ بیچ رہا ہے۔کوئی انتظامی صوبوں کے ریپر میں تو کوئی نسلی و لسانی پیکنگ میں تو کوئی جغرافیائی پنی میں۔ سب جانتے ہیں کہ نہ موجودہ پارلیمنٹ دو تہائی اکثریت سے نیا صوبہ یا صوبے بنانے کی قرارداد منظور کرنے کی پوزیشن میں ہے اور نا ہی کسی صوبے کی اسمبلی اپنی چھری سے اپنا ہی گلا کاٹنا پسند کرے گی۔
پھر بھی ہر پھیری والا آواز لگا رہا ہے۔ سرائیکی لولی پاپ لے لو، جنوبی پنجاب کی ٹافی لے لو، بہاولپور صوبے کی چوپنی لے لو، ہزارے کی مٹھائی لے لو، جنوبی سندھ کے دل بہار لڈو، پشتون خوا بلوچستان کی ٹھنڈی ٹھار قلفی۔ لے لو لے لو ادھار میں لے لو، پیسے نا دو ووٹ دینے کے وعدے پر ہی لے لو۔۔۔بس لے لو۔۔۔
 
گڈ گورننس کی عمرانی مصنوعات
نوے دن میں کرپشن کے خاتمے کا تعویذ، یکساں نظامِ تعلیم کی انگوٹھی، پٹواری اپنے قدموں میں ڈالنے کا نقش، تھانیدار کے ہاتھ باندھنے کے لیے دس دن کا سپیشل وظیفہ، ٹیکس خوروں کو راہِ راست پر لانے کی خصوصی دعا، پلاسٹک پیکنگ میں بند باتصویر ویلفیر شاستر، لوٹوں کو بینگن میں تبدیل کرنے کا مجرب نسخہ، اسٹیبلشمنٹ کو رام کرنے کی تسبیح ۔۔۔ سب مال دستیاب ہے۔ پہلے آئیے پہلے پائیے ۔۔۔ پروڈکٹ پر گیند، بلے، وکٹ کا نشان ضرور دیکھ لیں۔ آزمائے ہوؤں کو نہ آزمائیں۔ نقالوں سے ہوشیار۔ قیمت صرف ایک ووٹ، ایک ووٹ، ایک ووٹ ۔۔۔
 
معجونِ دفاعِ پاکستان

کیا ہوا اگر آپ اسلامی نظام کی پروڈکٹ بیچنے والے بھانت بھانت کے ٹھیلے والوں سے تنگ آگئے ہیں۔ ہم نے تمام کڑوے کسیلے اجزا کو دفاعِ پاکستان کے ذائقے دار معجون میں گھوٹ دیا ہے۔ یہ کوئی معمولی معجون نہیں۔اس میں سفوفِ کلاشنکوف، جہادی جڑی بوٹیاں، جوارشِ اتحاد المسلمین، اسٹیبلشمنٹ کے بیج، کشمیر کی کلی، افغانی سلاجیت، عرقِ سعودیان، شعلہ بیانی کے مکھانے، بادامِ فتاوی یکساں گھوٹ دیے ہیں۔

چالیس دن کا کورس مفت ۔افاقہ نہ ہو تو پیسے واپس۔ تمام اچھے سٹورز پر دستیاب۔ براہِ راست حمید گل لیبارٹریز، حافظ سعید کلینک، منور حسن اینڈ سنز اور ذیلی دوا خانوں سے بذریعہ وی پی حاصل کریں۔

 

پاکستان کھپے کیپسول

یہ کوئی ایسا ویسا کیپسول نہیں۔ پندرہ دن کا کورس جسم و ذہن میں بجلیاں بھر دیتا ہے۔ اس کے استعمال کے بعد آپ کو گیند فٹ بال ، عدالت مال خانہ ، قرضے ماں کا دودھ ، پارلیمنٹ کھیل کا میدان اور مہنگائی خالہ جی کا گھر نظر آئے گی۔ آپ کا ذہن کاروباری ہوجائے گا اور ایسی ایسی سکیمیں سجھائی دیں گی کہ مہینے بھر میں مالامال ہوجائیں گے۔

اگر آپ اس کیپسول کا پندرہ دن کے بجائے ایک ماہ کا کورس کرلیں تو سارے نوسر باز، بھتہ خور، ریکیٹیر آپ کی مردانہ وجاہت کی تاب نہ لاتے ہوئے ڈھیر ہوجائیں گے۔ آپ لوڈ شیڈنگ کے اندھیرے میں دیکھ سکیں گے، سپر مین کی طرح ریل کی خالی پٹڑی پر دوڑ سکیں گے، جہاز بن کے فضا میں اڑ سکیں گے۔

دشمن دانت پیستے رہ جائیں گے اور بال بیکا نہ کرسکیں گے۔ دن میں تین بار دودھ کے ساتھ استعمال کیجیے اور ہر خوراک پاکستان کھپے کہتے ہوئے آنکھیں بند کر کے نگل جائیے۔۔۔قیمت ۔۔۔چھوڑیے قیمت کو۔۔۔اب کیا آپ سے بھی پیسے لیں گے !!!

شربتِ رائے ونڈ ( شیر مارکہ)

پہلے یہ شربتِ گوالمنڈی کے نام سے مقبول تھا۔ تاہم اب اس کے فارمولے میں آپ کے بدلتے ہوئے ذوق کے مطابق خاصی تبدیلیاں کی گئی ہیں۔ اس میں چمک دار اینٹی اسٹیبلشمنٹ ورق اور تحفظِ جمہوریت کے فلیور کا اضافہ کیا گیا ہے۔ شربتِ رائے ونڈ آٹو میٹک پلانٹ میں تیار کیا جاتا ہے تاکہ انسانی جراثیم و ڈینگی وائرس سے محفوظ رہے۔

ڈھکن پر عدلیہ کی سیل اور ریپر پر شیر کا نشان ضرور چیک کرلیں۔ ہر بوتل کی خریداری پر ایک بوتل مفت۔ شربتِ رائے ونڈ اس وقت پرموشنل سکیم کے تحت پچاس فیصد رعایت پر دستیاب ہے۔ ہر ماہ قرعہ اندازی کے ذریعے ایک پیلی ٹیکسی حاصل کرنے کا سنہری موقع۔

( نوٹ۔ہماری کوئی برانچ نہیں۔ لیکن شربتِ رائے ونڈ کی مقبولیت سے فائدہ اٹھا کر بعض عناصر اس فارمولے کو ہاشمی جوس کے نام سے فروخت کررہے ہیں۔ ایسے نقالوں سے ہوشیار)۔

 

 

--
Virtual University of Pakistan*** IT n CS Blog
================================
http://www.geniusweb.tk
 
http://itncs.tk
 
 
You received this message because you are subscribed to the Google
Groups "vulms" group.
To post to this group, send email to vulmsit@googlegroups.com
To unsubscribe from this group, send email to
vulmsit+unsubscribe@googlegroups.com
For more options, visit this group at
http://groups.google.com/group/vulmsit?hl=en?hl=en

No comments:

Post a Comment